
نیویارک: انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہاہے کہ غزہ پر مسلط کردہ اسرائیلی محاصرہ نسل کشی اور غیر قانونی اجتماعی سزا ہے۔اسرائیل کو مقبوضہ غزہ کی پٹی پر اپنا تباہ کن محاصرہ فوری طور پر ختم کرنا چاہیے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان میں کہا ہےکہ اسرائیل آبادی کی بقا کے لیے ضروری سامان کا داخلہ روک کر فلسطینیوں کی جسمانی تباہی کیلئے جان بوجھ کر سخت زندگی کے حالات مسلط کرنے کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ نسل کشی کا عمل ہے۔
ایمنسٹی نے کہا ہےکہ گذشتہ ماہ میں جمع کی گئی شہادتیں ناکابندی کی تباہ کن انسانی قیمت کو ظاہر کرتی ہیں۔ غزہ میں زندگی بچانے والی اشیا کا انکار کرکے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی اور اسے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایمنسٹی نے پانی کی کمی کے مسئلے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی سترہ سال کی طویل ناکہ بندی کی وجہ سے غزہ میں پانی کا مسئلہ انتہائی سنگین ہو گیا ہے۔


































