
غزہ : صیہونی فوج نے مغربی کنارے میں آپریشن کے دوران دو فلسطینیوں کو انتہائی قریب سے گولیاں مار کر شہید کردیا جبکہ تیس سے زائد افراد کو زخمی کیا گیا۔
اسرائیلی قابض فوج نے جنین کے جبل ابو ظہیر محلے میں دونوں نوجوانوں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اسرائیلی فوجیوں کے کہنے پر کمرشل اسٹوریج کی سہولت سے باہر نکلے۔ فورسز نے دونوں شہداء کی لاشیں اپنے قبضے میں لے لیں۔
طوباس کے جنوب میں واقع تممون قصبے میں پانچ فلسطینی شہریوں کو گولیاں مار کر زخمی کیا گیا۔ فلسطینی ہلال احمر نے بتایا ہے کہ اس کے عملے نے شمالی مغربی کنارے کے شہر طوباس میں اسرائیلی فوج کی کارروائی کے دوران 25 زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی ہے۔ جنہیں قابض فوج نے حراست میں لیا، پوچھ گچھ کی اور انہیں تشدد کرکے زخمی کیا تاہم بعد ازاں انہیں چھوڑ دیا گیا۔


































