
غزہ : اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقے رفح کا محاصرہ مکمل کر لیا ہے۔ موراگ کوریڈور پر قبضے کے بعد رفح کا غزہ کے دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ کاٹ دیا ہے۔ صیہونی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے غزہ کے شہریوں کے نام بیان میں کہا ہےکہ ہماری افواج نے رفح اور خان یونس کو ملانے والے کوریڈور پر اپنا قبضہ مکمل کر لیا ہے۔ اس طرح مصر کے ساتھ فلاڈیلفی روٹ اور موراگ کے درمیان سارے علاقے کو سکیورٹی زون میں بدل دیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جلد ہی اسرائیلی فوج کی کارروائیاں غزہ کے بیشتر علاقوں تک پھیل جائیں گی اور ان میں تیزی آئے گی اور آپ کو جنگ والے علاقوں کو خالی کرنا ہوگا۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ شمالی غزہ میں بھی بیت حنون اور دیگر آبادیوں سے رہائشیوں کا انخلا ہو رہا ہے۔ علاقے کو قبضے میں لے کر سیکورٹی زون کو نیتزارم کوریڈور تک بڑھایا جا رہا ہے۔


































