
غزہ : غزہ میں اسرائیلی فوج کی اسپتالوں، اسکول اور گھروں پر شدید بمباری سے چوبیس گھنٹوں میں مزید 132 فلسطینی شہید ہوگئے۔ زیادہ تر شہادتیں وسطی اور جنوبی غزہ میں ہوئی ہیں۔ رفاہ پر حملوں میں 2 خاندانوں کے 11 افراد سمیت 25 فلسطینی شہید کیے گئے۔
غزہ کے مختلف علاقوں میں حماس نے بھرپور جوابی کارروائیاں کیں۔ حملوں میں اسرائیلی فوج نے ایک اہلکار کے ہلاک اور دو کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی۔ خان یونس اور رفح سے اسرائیلی فوج کو پسپائی اختیار کرنا پڑی ہے۔ اسرائیلی زمینی فوج کو محفوظ انخلا فراہم کرنے کیلئے فضائی آپریشن بڑھا دیا گیا ہے۔ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 24 ہزار سے متجاوز ہوچکی ہے جبکہ 60 ہزار 317 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت سے شہید اور زخمی ہونے والے فلسطینیوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔


































