
غزہ : اسرائیل کی غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ حملوں میں مزید 43 فلسطینی شہید اور اسی سے زائد زخمی ہوگئے۔ صیہونی جنگی طیاروں نے دیر البلاح۔ جبالیہ اور شمالی غزہ میں گھروں ، پناہ گزینوں کیمپوں اور دیگر مقامات کو نشانہ بنایا۔ رفح میں اماراتی اسپتال کے باہر خیمہ بستی پر بھی بم گرادئے۔ بیت حنون میں جڑی بوٹیاں چننے والے افراد پر گولہ باری کی گئی۔
ادھر خوراک کی امداد کیلئے جمع افراد پر حملے میں شہدا کی تعداد 118 ہوگئی۔ صیہونی حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد 30 ہزار تین سو سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ 71 ہزار 533 زخمی ہیں۔
ادھر القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ وسطی غزہ کے ضلع زیتون میں مزاحمت کاروں اور اسرائیلی فوجیوں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ مزاحمت کاروں کے حملوں میں دو ٹینک تباہ ہوگئے جبکہ تین صیہونی فوجی ہلاک اور چودہ زخمی ہوئے۔ اسرائیل نے تصدیق کردی۔


































