
غزہ: غزہ میں اسرائیلی درندگی رک نہ سکی۔ جنگ کو 143 روز ہوگئے۔ رفح ، دیر البلاح، نصیرات سمیت مختلف علاقوں پر حملے جاری ہیں۔ خان یونس میں عمارتوں کے ملبے سے 23 لاشیں نکال لی گئیں۔ وسطی غزہ میں امداد کے منتظر شہریوں پر فائرنگ سے 10فلسطینی شہید ہوئے۔ بیت الحیہ میں فائرنگ سے ایک بہن شہید جبکہ دوسری شدید زخمی ہوگئی۔
قابض فوج کے حملوں پر حماس کی مزاحمت جاری ہے۔ حماس سے لڑائی میں مزید 3 فوجی ہلاک جب کہ پانچ فوجی زخمی ہوگئے۔ القسام کی جانب سے حملوں کی نئی ویڈیو جاری کردی گئی ہے۔
سات اکتوبر سے جاری حملوں میں فلسطینی شہداء کی تعداد تیس ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ اسپتالوں میں مریضوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، جبکہ غذائی قلت کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا ہے۔ فلسطینی حکام نے سات اکتوبر سے اب تک کی اسرائیلی جارحیت کی تفصیلات جاری کردیں۔ تفصیلات کے مطابق 30 ہزار افراد شہید ،70 ہزار زخمی اور اسی فیصد بے گھر ہوگئے۔حکام کے مطابق 500 مساجد وگرجا گھر۔ تین سو تعلیمی ادارے اور تین لاکھ رہائشی یونٹس ملبے کا ڈھیر بنادئے گئے۔
35 میں سے 31 اسپتال غیرفعال ہوگئے۔ اسرائیل نے محاصرہ کرکے بھوک کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا.


































