
غزہ : اسرائیلی فوج نے آج صبح سویرے غزہ کے مختلف علاقوں پر حملے کئے ہیں جس کے نتیجے میں پانچ بچوں سمیت بارہ فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی جنگی طیارے نے جبالیہ میں ایک مکان کو میزائل کا نشانہ بنایا جس سے وہ ملیامیٹ ہوگیا۔ حملے میں ماں اور اس کے چار بچوں سمیت آٹھ فلسطینی شہید ہوئے۔ بچوں میں ایک چھ ماہ کا کمسن بھی شامل ہے۔ البریج کیمپ میں فلیٹ پر حملے میں ایک بچہ شہید اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ خان یونس میں خیمہ بستی پر بم حملے میں تین فلسطینی جان سے گئے۔
صیہونی فوج نے بیت لاہیہ اور تل السلطان میں بھی بمباری کی۔ ادھر صیہونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر یروشلم کے قصبے العزریا کے قریب فائرنگ کرکے ایک فلسطینی کو شہید کردیا۔غزہ میں پیر سے منگل کی شام تک باسٹھ فلسطینی شہید اور دو سو چھیانوے زخمی ہوئے۔ جبکہ مجموعی شہادتیں پچاس ہزار ایک سو چوالیس ہوگئی ہیں۔


































