
غزہ: غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ اسرائیلی بمباری اور گولہ باری سے سات بچوں سمیت مزید تئیس فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے خاتمے کے بعد غزہ پر مسلسل آٹھویں روز بھی بمباری کی گئی۔ المواصی۔ خان یونس اور غزہ سٹی میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں ایک خیمہ بستی اور مکانات تباہ ہوگئے۔ اسرائیلی حملے میں دو صحافی بھی شہید ہوئے۔
ادھر بعض علاقوں سے انخلا کے حکم نے متاثرین کی مشکلات بڑھادی ہیں۔ فلسطینی پیدل ہی نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارے انروا نے خبردار کیاہے کہ محصور علاقوں میں خوراک کا ذخیرہ ختم ہونے کے قریب ہے جس سے بحران شدت اختیار کرجائے گا۔
دوسری جانب اسرائیل کے شہر حیفہ میں مسلح فلسطینی کے حملے میں ایک اسرائیلی ہلاک اور فوجی سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ فلسطینی نوجوان نے پہلے چاقو سے اسرائیلی فوجی کو زخمی کیا اور اس کی پستول چھین کر ایک کار پر فائرنگ کردی۔


































