
غزہ : حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے تین بیٹے اور تین پوتے غزہ کے علاقے الشاطی کیمپ پر فضائی حملے میں شہید ہوگئے۔ اسماعیل ہنیہ کے سب سے بڑے بیٹے نے ایک فیس بک پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان کے تین بھائی مارے گئے ہیں۔ عبدالسلام ہنیہ نے لکھا کہ ’اللہ کا شکر ہے جس نے ہمیں میرے بھائیوں، حزم، امیر اور محمد اور ان کے بچوں کی شہادت سے نوازا’۔
اسماعیل ہنیہ نے شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انکے بیٹے بیت المقدس کی آزادی کی جنگ کی راہ میں شہید ہوگئے۔ مجرم صفت دشمن انتقام اور قتل پر اتر آیا ہے اور کسی معیار اور اقدار سے عاری ہے۔ میرے بیٹوں کا خون ہمارے لوگوں کے خون سے زیادہ عزیز نہیں۔ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ ہمارے مطالبات واضح اور مخصوص ہیں اور ہم ان پر کوئی رعایت نہیں دیں گے۔ اگر دشمن یہ سوچتا ہے کہ مذاکرات کے عروج پر اور تحریک کے جواب بھیجنے سے پہلے میرے بیٹوں کو نشانہ بنانا حماس کو اپنا موقف تبدیل کرنے پر مجبور کرے گا تو وہ مغالطے میں ہیں۔


































