
قاہرہ : اسرائیلی اور فلسطین حکام نے بڑھتے ہوئے تشدد کو روکنے کے لیے اقدامات پر اتفاق کرلیا۔ مصر کے تفریحی مقام شرم الشیخ میں فلسطینی اور اسرائیلی حکام کے مذاکرات ہوئے جس میں امریکی، مصری اور اردنی حکام نے بھی حصہ لیا۔ بات چیت میں ماہ رمضان کے دوران یروشلم کے مقدس مقامات پر کسی بھی قسم کی خلل ڈالنے والی کارروائیوں کو روکنے کی ضرورت پرزوردیا گیا۔ فریقین نے گزشتہ ماہ عقبہ اجلاس میں کئےگئےوعدوں کی بھی توثیق کی۔ جس میں اسرائیل کی جانب سے 4 ماہ کے لیے کسی بھی نئے آبادکاری یونٹس پر بات چیت روکنے کا وعدہ بھی شامل ہے۔ حکام نے اسرائیل فلسطین کشیدگی کم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں مقبوضہ بیت المقدس کا تقدس پامال نہ کیاجائے۔ فریقوں نےتشدد، اشتعال انگیزی روکنے کے لیے ایک طریقہ کار قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ فریقین اگلے ماہ مصر میں ہونے والی فالو اپ میٹنگ میں پیش رفت کی رپورٹ دیں گے۔


































