
جنیوا : فلسطین کیلئے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز نے فلسطین میں اسرائیلی حملوں اور اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں نسل کشی قرار دے دیا ہے۔ ڈبلن کے ٹرینیٹی کالج میں اکیڈمکس فار فلسطین کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب میں البانیز نے بین الاقوامی قوانین کے تناظر میں فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سےتعلق رکھنے والے افراد بالخصوص طلباء اور نوجوان جو فلسطین میں ناانصافی کے خلاف کھڑے ہیں جدوجہد کا سنگ بنیاد ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انسانیت کو مل جل کر موجودہ صورتحال پر خلوص کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے اور حقائق کو سائنس اور علم کی روشنی میں رکھنا چاہیے۔ انہوں نے انصاف کی تلاش میں شامل افراد کو ایک مضبوط سماجی نظام کی حفاظتی قوت قرار دیتے ہوئے فلسطین کی حمایت میں اضافے کا مطالبہ کیا۔


































