
بیروت : حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ اسرائیل مسلسل جارحیت، قبضے اور سیاسی دباؤ کے ذریعے لبنان کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔حکومت حملے رکوانے کیلئے مزید اقدامات کرے۔ ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ نے جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کیا جس سے چودہ ماہ سے جاری جنگ کا خاتمہ ہوا لیکن اسرائیل نے مسلسل فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے پر حالیہ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اس حملے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ یہ ایک سیاسی حملہ ہے جس کا مقصد طاقت کے ذریعے قوانین کو تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ کی ضمانت دینا لبنانی حکام کا فرض ہے انہیں جنگ بندی کے اسپانسرز سے رابطہ کرنا چاہیے تاکہ وہ اسرائیل پر حملے بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔ حزب اللہ کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ لبنان اپنی مزاحمتی قوت اور عوامی اتحاد کے ذریعے مضبوط رہے گا۔ لبنانی اپنی دفاعی صلاحیتوں سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔


































