
تہران: ایران نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل مقبوضہ مغربی کنارے میں غزہ طرز کی نسل کشی کا خواہاں ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف اپنی نسل کشی کو دہرانے سے روکے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ تہران نیتن یاہو کے دورہ واشنگٹن کے علاقائی منظرنامے پر پڑنے والے اثرات پر گہری نظر رکھے گا۔انہوں نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ایران، نیتن یاہو کے دورہ واشنگٹن کے بارے میں اپنی تشویش کے مسائل پر توجہ مرکوز کرے گا۔ بقائی نے مزید کہا کہ ہم خطے اور فلسطین کی صورت حال کے مضمرات کی بغور نگرانی کریں گے۔


































