
غزہ : حماس رہنما حسام بدران نے کہا ہے کہ حماس جنگ بندی معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل کر رہی ہے۔ جبکہ صیہونی دشمن دوسرے مرحلے میں جانے سے مسلسل گریز کر رہا ہے۔
الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں حماس کے سینئر رہنما حسام بدران نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اقدام کرے تاکہ فلسطینی عوام کو درپیش نسل کشی روکی جا سکے اور خطے کو مزید عدم استحکام سے بچایا جا سکے۔ حسام بدران کے مطابق رفح میں موجود مزاحمت کار کسی بھی دباؤ میں ہتھیار ڈالنے پر آمادہ نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل لاشوں کی واپسی کے معاملے کو معاہدے کے دوسرے مرحلے میں تاخیر کا بہانہ بنا رہا ہے، اور حماس عالمی شعورمیں شفافیت قائم رکھنے کے لیے اس پر توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نےکہا کہ غرب اردن میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحیت کا شکار فلسطینیوں کی حمایت کے لیے متحد قومی مؤقف تشکیل دینا انتہائی ضروری ہے۔ فلسطینی عوام کی مزاحمت کو کمزور کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو سکے گی۔


































