
غزہ : اسرائیل نے مکمل جنگ بندی سے انکار کرتے ہوئے شمالی غزہ سے انخلا کیلئے بمباری میں 4 گھنٹے وقفے پر آمادگی ظاہر کردی۔
امریکا کے نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ اسرائیل روزانہ چار گھنٹے کے لیے جنگ میں عارضی توقف پر راضی ہوگیا ہے تاکہ غزہ میں امدادی سامان پہنچایا جاسکے اور لوگوں کا شمالی غزہ سے انخلا ہوسکے۔ عارضی توقف کے وقت کا اعلان تین گھنٹے پہلے کیاجائے گا۔
ادھر اسرائیلی حملوں میں مزید 243 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسرائیل نےغزہ کے اقدس اور الشفا اسپتال پر بھی بم گرادیئے۔ ادھر شمال سے جنوبی غزہ کی طرف نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔ اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور کا کہنا ہے کہ اتوار سے اب تک مجموعی طور پر 72 ہزار افراد شمالی غزہ سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔
دوسری جانب مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی حملوں میں تیزی آگئی ہے چوبیس گھنٹوں میں چوبیس فلسطینیوں کی جان چلی گئی۔ جھڑپوں میں دو اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے۔


































