
اسلام آباد: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اوّل کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بعد از نماز جمعہ ریلیاں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرے کیے گئے، ملک کے مختلف شہروں کراچی، حیدرآباد، خیر پور، سکھر، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، لیہ بھکر، رحیم یارخان، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو کوہاٹ، پاراچنار، کوئٹہ، ڈیرہ مراد جمالی، گلگت، اسکردو اور مظفر آباد میں ریلیاں نکالی گئیں۔
آئمہ جمعہ والجماعت نے اپنے خطبوں میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف تقاریر کرتے ہوئے اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا۔
مسجد نور ایمان، کراچی کے باہر احتجاجی مظاہرے سے علامہ سید باقر زیدی نے مرکزی خطاب کیا، لاہور میں نکالی گئی القدس ریلی اسلام پورہ سے شروع ہو کر اسمبلی ہال پر اختتام پذیر ہوئی، جسکی قیادت صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ سید علی اکبر کاظمی کر رہے تھے، جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری سلیم صدیقی اور صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ سید اقتدار حسین نقوی کی سرپرستی میں القدس ریلی کا انعقاد ہوا، خیبرپختونخواہ کے شہر ایبٹ آباد میں ریلی کی قیادت صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ جہانزیب جعفری نے کی، بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں القدس ریلی کا انعقاد ہوا جس کی قیادت مرکزی رہنما ایم ڈبلیو ایم علامہ مقصود علی ڈومکی اور علامہ سید ہاشم موسوی نے کی، گلگت بلتستان میں مرکزی ریلیوں کی قیادت صوبائی صدر آغا سید علی رضوی اور علامہ نیئر عباس مصطفوی نے کی۔ اسلام آباد راولپنڈی اور آئی ایس او راولپنڈی ڈویڑن کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان نو منتخب سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی زیر قیادت مرکزی القدس ریلی نکالی گئی، شرکاء نے امریکہ واسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کیے، ریلیوں کا اختتام دعائے وحدت کے ساتھ کیا گیا۔ سربراہ ایم ڈبلیو ایم سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدا کو یہ پسند ہے کہ مظلوم اٹھے اور ظالم کے خلاف احتجاج و فریاد بلند کرے، اسرائیل شکست خوردہ ہو کر جنگی جرائم پر اتر آیا ہے، جنگ کے تمام تر محاذوں پر اسرائیل ہار چکا ہے چاہے وہ دفاعی، قانونی، میڈیا، ثقافتی اور سیاسی جنگ بری طرح ہار چکا ہے، تمام تر باشعور اور آزادی خواہوں کو غزہ کی عوام کے عزم وحوصلہ کی اسپورٹ کرنی چاہیے، قائد اعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کے ناجائز وجود کو تسلیم نہ کر کے قرآنی تعلیمات پر عمل کیا، ملک میں جو حکمران بھی اسرائیل سے سفارتی، اقتصادی اور سیاسی تعلقات کی بات کرتا ہے عوام اسے ایوانوں سے نکال پھینکیں، ہر وہ رابطہ اور تعلق حرام ہے جو ہماری مادر وطن کو کمزور کرتے ہیں، امریکہ ہمارے بچوں اور بیٹیوں کا قاتل ہے ہم فلسطینی عوام ظلم پر خاموش رہنے والے حکمرانوں کو برداشت نہیں کریں گے، اسرائیل کی تمام پروڈکٹس کا بائیکاٹ کریں، اسرائیل دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر حملے کی جلد قیمت چکائے گا۔ القدس ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی رہنما زاہد مہدی نے کہا کہ ہم تمام فلسطینیوں پر سلام پیش کرتے ہیں جو زخموں سے چور اور بھوک و پیاس سے نڈھال ہیں لیکن ظالم اسرائیل کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں، حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ اسرائیل سے تعلقات بنانے کی کوشش تمہیں لے ڈوبے گی، ایوانوں میں بیٹھے گونگے بہرے حکمران بانی پاکستان کی اسرائیل کے حوالے سے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر تلے ہیں، غیرت مند پاکستانی عوام ہمیشہ کی طرح اپنے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، پابرہنہ باغیرت یمنی مسلمانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔


































