
غزہ : اقوام متحدہ کے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطین اونروا کے کمشنر فلپ لازارینی نے کہاہےکہ غزہ میں اسرائیل نے تمام ریڈ لائنز کو عبور کرلیا۔ فلپ لازارینی نے کہا ہے کہ ان مظالم کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں جن کا سامنا غزہ کے رہائشیوں نے چھ ماہ سے مسلط اسرائیلی جنگ میں کیا ہے۔ بیس لاکھ لوگوں کی زندگیوں کو "راتوں رات”ملیا میٹ کردیا گیا۔ بچوں، طبی کارکنوں، صحافیوں اور انسانی امدادی کارکنوں کی سب سے بڑی تعداد کو مار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی محاصرے کے نتیجے میں آنے والے قحط نے متاثرہ شعبے کی صورتحال کو مزید ابتر کر دیا ہے۔ انہوں نے غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی اور تمام قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اسرائیل سے مزید زمینی گزرگاہیں کھولنے اور انروا کے کام پر عائد تمام پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ بھی کیا۔


































