
دمشق: اسرائیلی فوج نے دمشق میں وزارت دفاع اور اطراف کی عمارتوں پر بم برسادئے۔ حملے میں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ فضا میں دھویں کے بادل چھاگئے۔ اسرائیل نے جنوبی شام میں السویدہ جانے والے سرکاری افواج کے قافلوں پر بھی کئی حملے کیے ہیں۔ متعدد زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شام میں کئی فوجی اہداف تباہ کردئے۔
السویدہ میں حکومتی حامی ملیشیا اور دروز قبیلے میں جھڑپوں میں مرنیوالوں کی تعداد تین سو سے تجاوز کرگئی۔ جھڑپوں میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ فریقین کے دوران جنگ بندی کا ایک اور سمجھوتہ طے پاگیا۔ السویدہ میں خونریز جھڑپوں کے بعد ہزاروں دروز اسرائیلی سرحد پر جمع ہوگئے۔ صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہم اپنے دروز بھائیوں کے تحفظ اور حکومتی ملیشیا کو ختم کرنے کیلئے کام کررہے ہیں۔


































