
تل ابیب : اسرائیل نے تمام بین الاقوامی قوانین کو پامال کرتے ہوئے مقبوضہ مغربی کنارے میں سات سو چونسٹھ نئے ہاؤسنگ یونٹس کی حتمی منظوری دے دی۔ فلسطینی اتھارٹی نے اسے امن کوششوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیا ہے۔
سات سو چونسٹھ رہائشی یونٹس کو تین غیر قانونی صیہونی بستیوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہشمونائیم میں یہ یونٹس گرین لائن سے ذرا آگے مرکزی اسرائیل کی جانب واقع علاقے میں تعمیر ہوں گے۔ باقی یونٹس گیوات زیؤ اور بیتار علیت میں بنائے جائیں گے۔ جو دونوں یروشلم کے نواح میں قائم بڑی آبادکاریاں ہیں۔
فلسطینی ریاست کے سخت مخالف وزیر خزانہ بیزالیل اسمورٹریچ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے 2022 کے اواخر تک تقریباً اکاون ہزار سے زائد ہاؤسنگ یونٹس کی منظوری دے چکے ہیں.
فلسطینی اتھارٹی کے ترجمان نبیل ابوردینہ نے امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے اور اسرائیل کو زمینوں پر قبضے، توسیع اور الحاق کی کوششوں سے باز رکھے۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکا اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین اور عالمی فیصلوں کا پابند بنانے کے لیے اقدامات کرے۔ ابو ردینہ نے کہا کہ قابض حکومت اس تباہ کن پالیسی کے خطرناک نتائج کی مکمل ذمہ دار ہے، جس کا مقصد خطے میں تشدد اور جنگوں کا سلسلہ شروع کرنا اور استحکام کی کسی بھی کوشش کو نقصان پہنچانا ہے۔


































