
تل ابیب : اسرائیلی وزارت سیکیورٹی نے غزہ میں نسلی صفائی کیلئے ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کردیا۔ وزارت کے بیان کے مطابق ڈائریکٹوریٹ میں مختلف وزارتوں اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ یہ محکمہ غزہ سے رضاکارانہ ہجرت کے کام کو دیکھے گا۔ صیہونی وزیر خزانہ بیزالیل اسموٹرچ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ سے فلسطینیوں کو زبردستی منتقل کرنے کا منصوبہ آنے والے ہفتوں میں شروع ہو سکتا ہے۔ صیہونی وزیر نے کہا کہ بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے امریکی ٹیموں کے ساتھ بات چیت شروع ہو گئی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ ہماری ٹیمیں بھی انخلا کی تیاریاں کررہی ہیں۔ اسموٹرچ نے کہا کہ منصوبے میں دو اہم بنیادی چیزیں شامل ہیں۔ ایک ایسے ممالک کو تلاش کرنا جو بیس لاکھ لوگوں کو بسا سکے اور اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو غزہ سے نکالنے کیلئے ایک بہت بڑا لاجسٹک آپریشن ہے۔


































