
غزہ : اسرائیل نے حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق رائے کرلیا۔حماس نے فلسطینی بچوں اور خواتین کی رہائی کے بعد سو یرغمالی چھوڑنے پر آمادگی ظاہر کردی۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل جیلوں میں قید فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کرے گا، جس کے بدلے میں حماس 100 یرغمالی خواتین اور بچوں کو رہا کرے گا۔ اسرائیلی حکام نے اسرائیلی چینل 13 کو بتایا کہ ان کا ملک قیدیوں کے تبادلے کے وسیع معاہدے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے حوالے سے رابطے جاری ہیں۔ اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے امریکی- قطری ثالثی کے تحت پیش قدمی کی گئی ہے۔ دوسری جانب تحریک حماس کے ایک رہنما نے کہا کہ اسرائیلی جیلوں میں قید تمام فلسطینی قیدیوں کو رہا کیے بغیر یرغمالیوں کی رہائی نہیں ہو گی۔


































