
لاہور: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے واضح کیا ہے کہ مکتب اہل بیت ع کی نمائندگی کے بغیر اسلامی نظریاتی کونسل، اسلامی نہیں کہلا سکتی، یہ صرف سنی نظریاتی کونسل ہوگی۔ ہمیشہ دو شیعہ علماء اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن رہے ہیں مگر اس بار ایک بھی نہیں ہے جامع مسجد علی جامعتہ المنتظر میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا مسیحیوں کے ساتھ مباہلہ میں رسول اللہ ص حکم خدا سے صرف پنجتن پاک کو لے کر گئے۔ چونکہ مسیحیوں نے بات چیت کو نہیں مانا تھا تو جھوٹوں پر ان پانچ کے علاوہ کوئی لعنت نہیں بھیج سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عصمت و طہارت سے مزین ہستیاں ہیں۔ان میں عمر کے کسی بھی حصے میں کفر، شرک اور جھوٹ نہیں رہا تھا۔ لیکن افسوس کہ جب دوسرے مسالک کے افراد ذکر کرتے ہیں تو ان کی کوشش ہوتی ہے کہ رسول اللہ سے اہل بیتؑ کو کاٹ دیں۔ حالانکہ درود صرف رسول اور آل رسول علیھم السلام کے لئے ہے۔ انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل کے محرم الحرام کے لیے ضابطہ اخلاق کا حوالہ دیتے ہوئے اہل بیت اطہار ع کا تذکرہ نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس عزاداری تبلیغی ہوتی ہیں۔ فضائل اہل بیت ع کی کمی نہیں ہے۔


































