
اسلام آباد: فلسطینی مظلومین اور حماس مجاہدین کی حمایت اور صیہونی غاصبوں کیخلاف اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام غزہ مارچ منعقد ہوا۔ جس میں پاکستان بھر سے ہزاروں افراد شریک ہوئے۔
مارچ میں تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ (ص) کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی اور ان کے کارکنان نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے سامنے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ حکمرانوں کا کام غزہ میں دوائی اور کھانا پہنچانا نہیں ہے، مسلمان حکمران اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں آپ کا کام غزہ میں دوائی اور کھانا پہنچانا نہیں، غزہ کے عوام کو بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس ہے مسلمان حکمرانوں نے امریکا کی طرف دیکھنا شروع کیا، چند دنوں میں 8 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا۔
مظاہرے میں شریک ہزاروں افراد نے پاکستان اور فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ واضح رہے کہ شدید دباؤ کے باوجود امریکی سفارتخانہ کے سامنے منعقد ہونیوالا احتجاج پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔
دوسری جانب کوئٹہ میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے جمعیت علما اسلام کے زیر اہتمام طوفان الاقصٰی مارچ کیا گیا جس میں کارکنوں نے بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکا نے خطاب میں کہا کہ فلسطین ایک آزاد ریاست بن کر ابھرے گی۔


































