
اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا، ایک ایسی فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، یہی اس مسئلے کا واحد حل ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں فلسطینیوں کی حالت زار پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم نے غزہ کے لوگوں کو بے گھر کرنے کی امریکی و اسرائیلی تجویز کو انتہائی پریشان کن اور غیر منصفانہ قرار دیا۔


































