
نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ممالک پر زور دیا کہ وہ جون میں بین الاقوامی کانفرنس سے قبل اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے ناقابل واپسی اقدام کریں۔ مشرق وسطیٰ سے متعلق سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ میں رکن ممالک کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ وہ مثبت انداز میں آگے بڑھیں، اور ایک قابل عمل دو ریاستی حل کی حمایت کے لیے ٹھوس اقدامات کے بارے میں تخلیقی انداز میں سوچیں۔ اس سے پہلے کے بہت دیر ہو جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ کا انسانی بحران تصور سے بالاتر ہو رہا ہے۔ غزہ میں خوراک، ایندھن اور ادویات کی مکمل ناکہ بندی نے 20 لاکھ سے زائد لوگوں کو زندگی بچانے والی امداد سے محروم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں، بستیوں میں توسیع اور زبردستی نقل مکانی جغرافیائی حقائق کو ڈرامائی طور پر تبدیل کر رہی ہے.


































