
تہران: گذشتہ رات سپاہ پاسداران انقلاب نے ایران کی سلامتی کے خلاف سرگرم عناصر کی کمین گاہوں پر بلیسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کو آدھی رات کے وقت شام اور عراق میں ایران مخالف دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں پر میزائلوں کی بارش کی گئی ہے۔
بیان کے مطابق میزائل حملوں میں دہشت گرد کا ٹھکانہ تباہ ہوگیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بیان کا متن ذیل میں پیش کیا جارہا ہے۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ایران کے بہادر اور شریف عوام کو خبر دی جاتی ہے کہ اللہ تعالی پر توکل اور حضرت امام زمانہ علیہ السلام کی مدد سے حالیہ دنوں میں ایران میں دہشت گردی کے واقعات کے جواب میں خطے میں ایران مخالف شرپسندوں اور دہشت گرد عناصر کے ٹھکانوں پر میزائل حملے کئے گئے ہیں۔ سپاہ انقلاب کے بہادر جوانوں نے آدھی رات کو کاروائی کرتے ہوئے بلیسٹک میزائلوں سے شرپسندوں کے ٹھکانوں کو ہدف بنایا ہے۔ واقعے کی تفصیلات جلد فراہم کی جائیں گی۔
اطلاعات کے مطابق شام میں داعش کے ٹھکانوں کو بیلسٹک میزائلوں سے تباہ کردیا۔
جبکہ عراقی کردستان کے شہر اربیل میں اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈکوارٹر کو میزائل حملے میں تباہ کیا گیا۔


































