
بغداد : عراقی وزیراعظم محمد شیاع السوڈانی نے کہا کہ بغداد، ابراہیم معاہدے کا حصہ نہیں بنے گا۔ اسکائی نیوز کو انٹرویو میں محمد شیاع السوڈانی نے کہا کہ عراق، اسرائیل کو تسلیم کرنے یا تل ابیب سے امن معاہدہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے عراق اپنے موقف پر ڈٹا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت، اپنی رٹ قائم کرنے اور غیر سرکاری اداروں کو غیر مسلح کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ عراقی وزیراعظم نے کہا کہ مذکورہ بالا نقطہ نظر ریاست کی اتھارٹی اور استحکام کو مضبوط کرنے کے اہم ستونوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ایک قانونی، سیاسی اور حفاظتی روڈ میپ کے ذریعے سیکورٹی اداروں کو مضبوط کر رہی ہے۔ جس کا مقصد بندوق کی ملکیت کو محدود کرنا ہے۔ کیونکہ بندوق کی ملکیت کا دُہرا معیار ریاست کے تصور سے مطابقت نہیں رکھتا۔


































