
واشنگٹن : ایران کے اسرائیل کو جواب دینے کے انتباہ سے امریکی حکام میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے چینی، سعودی ،عرب امارات کے ہم منصبوں سے فون پر بات کی اور انہیں کہا کہ ایران کو اسرائیل پر حملہ کرنے سے روکیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ‘انٹونی بلنکن نے چین ، ترکیہ اور بعض یورپی ہم منصبوں کے ساتھ فون پر بات کی ہے۔ تاکہ یہ واضح کر دیا جائے کہ کشیدگی کسی کے بھی فائدے میں نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تمام ممالک ایران پر زور دیں کہ ایران کشیدگی کو نہ بڑھائے۔ انٹونی بلنکن نے چین سے کہا ہے کہ ایران کو ایسا کرنے سے روکنے کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ جواب میں بیجنگ نے امریکہ پر تنقید کی ہے کہ امریکہ اسرائیل کے حق میں تعصب رکھتا ہے۔ بلنکن نے اسرائیلی وزیر دفاع یواو گیلنٹ سے بھی فون پر بات کی اور انہیں یقین دلایا کہ خطرے کی صورتحال میں امریکہ پوری طرح اسرائیل کے ساتھ ہے۔


































