
تہران : ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں جنگی جرائم پر اسرائیلی حکام کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے ٹریبونل قائم کرے۔
امیر عبداللہیان نے یہ اپیل آئی سی سی کے چیف پراسیکیوٹر کو لکھے گئے خط میں کی۔ جس میں اسرائیلی حکام کے خلاف مقدمے کی کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ اعلی ایرانی سفارت کار نے مزید کہا کہ غزہ پر وحشیانہ بمباری اور اسرائیلی حکومت کی زمینی جارحیت جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کی مثالیں ہیں۔ انہوں نے آئی سی سی پر مزید زور دیا کہ وہ اپنی قانونی ذمہ داریوں کی پاسداری کرے اور اس طرح کے جرائم کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ انہوں نے عدالتی آزادی اور غیر جانبداری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ آئی سی سی یہ فیصلہ کرے کہ وہ کچھ طاقتوں کے دباؤ کا مقابلہ کرنا چاہتی ہے یا قابض حکومت کی جانب سے کی جانے والی بربریتوں کو سزا کے بغیر رہنے دینا چاہتی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ آئی سی سی دوہرے معیار سے گریز کرے گی اور ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو سزا کے بغیر جانے کی اجازت نہیں دے گی۔


































