
تہران : ایران نے اسرائیل اور خطے میں امریکی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملے کئے ہیں۔ تل ابیب میں کئی مقامات پر آگ لگ گئی جبکہ امریکا کے پانچ ری فیولنگ طیاروں کو نقصان پہنچا۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے صیہونی اور امریکی اہداف کے خلاف آپریشن وعدہ صادق کی اڑتالیسویں لہر کامیابی سے انجام دینے کا اعلان کر دیا۔ بیان کے مطابق تازہ ترین حملوں کا یہ مرحلہ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت انجام دیا گیا۔ ایرانی فورسز نے اسرائیلی رہنماؤں کے دس ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ تل ابیب میں دس زوردار دھماکے سنے گئے اور متعدد مقامات پر آگ لگ گئی۔وسطی اسرائیل میں کلسٹر بموں سے تین مقامات کو نقصان پہنچا۔ میزائل کے ٹکڑے گرنے سے عمارت کی چھت پر آگ لگ گئی اور کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
سعودی عرب کے پرنس سلطان ائیر بیس پر حملے سے امریکا کے پانچ ری فیولنگ طیاروں کو نقصان پہنچا۔ متحدہ عرب امارات کے ساحل کے قریب ایک آئل رِگ میں آگ لگ گئی۔ بغداد میں میزائل حملے میں امریکی سفارتخانے کے کمپاؤنڈ میں بنے ہوئے ہیلی پیڈ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں واقع الظفرہ بیس اور عراق میں اربیل کو بھی میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانا گیا ہے۔


































