
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے مختلف سائنسی اور تکنیکی میدانوں میں ملک کی پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ ملک کے ماہرین ایران کے خلاف پابندیوں اور بدخواہوں کی دشمنی کے باوجود ایسی شاندار پیش رفت کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ صنعت کاروں اور قابل ذکر اقتصادی شخصیات کے ایک گروپ سے خطاب میں ولی امر مسلمین نے کہا کہ کام کاج اور کاروبار کے میدان کی رکاوٹوں کو دور کرنے میں حکومت کی حمایت اور پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے ذمہ داریاں قبول کیے جانے پر زور دیا اور انہیں ملک کے حالات کو بہتر بنانے اور بھرپور پیش رفت کی راہ ہموار کرنے والی دو بہت اہم ضرورتیں قرار دیا۔ آپ نے پابندیوں اور دشمنوں کے معاندانہ اقدامت جیسے باہری مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی باتیں یقینی طور پر نقصان پہنچانے والی ہیں اور ملک کے لیے مسائل پیدا کرتی ہیں لیکن ان ہی مسائل کو مواقع میں بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے جیسا کہ ہمارے نوجوانوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھایا اور آج ہم نے فوجی ہتھیاروں یا فضائی میدان میں اور ثریا سیٹلائٹ کی لانچنگ جیسی پیش رفت کی مانند زبردست سائنسی کارنامے انجام دیے ہیں نیز اگر پابندیاں نہ ہوتیں تو آج ہم یہ کارنامے انجام نہ دے پاتے۔


































