
اسلام آباد: پاک ایران تعلقات معمول پر لانے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے، ایرانی وزیر خارجہ 29 جنوری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے سفراء 26 جنوری تک اپنے عہدوں پر واپس پہنچ جائیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور ایران نے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اسلام آباد اور تہران کے سفیر 26 جنوری سے دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی دعوت پر ایرانی وزیر خارجہ حسین عبدالہیان 29 جنوری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ چند روز قبل ایرانی وزیر خارجہ کی جانب سے دورہ پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق کشیدگی کے خاتمے کےلیے دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام باہمی دورے بھی کریں گے۔ قومی سلامتی کمیٹی کو ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کی خواہش بارے میں بتایا گیا تھا۔ جس پر قومی سلامتی کمیٹی نے دورے کے بعد جلیل عباس جیلانی کو بھی دورہ کرنے کی ہدایت کی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو کابینہ اور قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں ایران سے تعلقات کی بحالی کا مشن سونپا ہے۔


































