
تہران: ایرن کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر رافائل گروسی کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر ایران و ایٹمی ایجنسی کے درمیان تعاون اور فنی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ سید عباس عراقچی نے بین الاقوامی قواعد و ضوابط کے مطابق تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے سیاست و غیر تعمیری طرزعمل سے اجتناب کرتے ہوئے ہمارے ساتھ مثبت ماحول میں آگے بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی ایجنسی اپنے طے شدہ قوانین کے دائرے میں کام کرنے کی مجاز ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ رافائل گروسی بعض ممالک کے بلاجواز مطالبوں اور دباؤ کے سامنے نہ جھکیں۔ دوسری جانب رافائل گروسی نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی، ایران کے ساتھ کام کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے فرائض و اختیارات کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے وہ موجودہ مسائل کے حل کے لیے مثبت ماحول میں تمام فریقین سے مشاورت کریں گے۔


































