
اسلام آباد : ایران اور امریکا کے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مذاکرات کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ثالثی کا کردار ادا کرتا رہے گا۔ اسحاق ڈار نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ دونوں وفود کے درمیان جامع اور تعمیری مذاکرات کے متعدد دور ہوئے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں سے جاری مذاکرات آج صبح ختم ہوئے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق مثبت جذبے کا مظاہرہ کرتے رہیں گے تاکہ خطے اور اس سے بھی آگے کے لیے دیرپا امن اور خوشحالی کا حصول ممکن ہو سکے۔ یہ اہم ہے کہ فریقین جنگ بندی کے لیے اپنا عزم جاری رکھیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کی طرف سے پاکستان کے مثبت کردار کے اعتراف پر شکر گزار ہیں۔


































