
تہران: ایران نے دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی فضائی حملے کا جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ دمشق میں تہران کے سفارت خانے پر اسرائیلی بمباری پر سنگین ردعمل ظاہر کرے شامی ہم منصب کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نےکہا کہ اسرائیلی حملہ تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں اور کنونشنز کی خلاف ورزی ہے۔ اس کارروائی کے نتائج کے لیے اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔ اس حملے پر بین الاقوامی سطح پر سنجیدہ اور موثر رد عمل کی ضرورت ہے۔ اسرائیل کی اس ننگی جارحیت پر تہران جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ ایران دمشق میں اپنے سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کے جواب میں اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ کنعانی نے مزید کہا کہ تہران جارحیت کرنے والے کے خلاف ردعمل اور بدلے کا تعین خود کرے گا۔


































