
تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہےکہ ایران کسی جنگ اور تصادم کا خواہاں نہیں ہے لیکن اپنی دفاعی صلاحیت میں کوئی کمی نہیں آنے دے گا۔ سعودی ولی عہد محمد بن سے ٹیلی فونک گفتگو میں ایرانی صدر نے کہا کہ جارحیت پسندانہ جوہری توانائی کا استعمال ایران کے دفاعی اور سلامتی نظریے میں کوئی جگہ نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی جوہری سرگرمیاں ہمیشہ سے عالمی معیارات اور اصولوں کے تحت رہی ہیں، اور ان کی مکمل جانچ کی جاسکتی ہے۔ ایران خطے میں کسی بھی تناؤ کو باہمی مفادات اور باہمی احترام کی بنیاد پر مذاکرات کے ذریعے ختم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان آپس میں متحد ہو جائیں تو وہ فلسطین اور غزہ کے عوام سمیت دیگر مظلوم اسلامی اقوام پر ہونے والے مظالم کو روک سکتے ہیں اور خطے میں استحکام اور ترقی کو یقینی بناسکتے ہیں۔
محمد بن سلمان نے خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران، سعودی عرب اور دیگر علاقائی ممالک کے درمیان باہمی تعاون سے استحکام اور امن کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔


































