
تہران : ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہاہےکہ مزاحمت کا محور آنے والے گھنٹوں میں اسرائیل کے خلاف قبل از وقت اقدامات کر سکتا ہے۔ ایرانی نیوز ایجنسی ارنا کو انٹرویو میں ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ اسرائیل کو غزہ کی پٹی میں نتائج کا سامنا کیے بغیر کسی کارروائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام آپشنز کھلے ہیں اور ہم غزہ کے لوگوں کے خلاف جنگی جرائم سے لاتعلق نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہاکہ اگر غزہ میں اسرائیلی حکومت کے جرائم جاری رہے اور کوئی سیاسی حل نہ نکلا تو مزاحمتی محاذ کی جانب سے پیشگی اقدامات سمیت ہر ممکن امکانات کے لیے دروازے کھلے ہوں گے۔ امیر عبداللہیان نے کہاکہ اگر اقوام متحدہ کو دیے گئے محدود امکانات سے فائدہ نہ اٹھایا گیا تو اسرائیل کے خلاف دوسرے محاذ کھلنے کا امکان ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں مزاحمتی قوتوں کو حکم نہیں دیتے وہ اپنے فیصلے خود کرتے ہیں۔


































