
ابوظہبی : ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے عرب امارات میں حکام سے ملاقات کی اور اقتصادی، تجارتی اور ٹرانزٹ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ امیر عبداللہیان نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی انتظامیہ نے اپنے پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کی توسیع کو اہم ترجیح قرار دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران تعلقات کے فروغ کیلئے سنجیدگی سے توجہ دے رہا ہے کیونکہ ہمسایہ ممالک بالخصوص خلیجی ممالک اور ایران اپنی صلاحیتوں اور مشترکات سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے عرب امارات کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور ٹرانزٹ تعاون کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ فریقین کی سیاسی اور سیکیورٹی مشاورت کو بھی ایک سنگین ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں تعلقات کو فروغ دینے میں کوئی حد نہیں ہے۔


































