
کابل : ایران اور افغانستان کی طالبان حکومت نے سیکورٹی اور افغان مہاجرین کے معاملات مل کر طے کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کی قیادت میں ایرانی وفد نے کابل کا ایک روزہ دورہ کیا اور وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند اور قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سمیت مختلف حکام سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے دوران عباس عراقچی نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کی سلامتی اور استحکام افغانستان کی سلامتی اور استحکام پر منحصر ہے۔ ایران افغان تارکین وطن کی باوقار واپسی کے لیے پرعزم ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ دورہ دو طرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔ فریقین نے پانی کے حقوق، افغانستان کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر بھی بات چیت کی۔


































