
تہران: ایران نے الشفاء اسپتال پر حملے کے دوران اسرائیل کے جنگی جرائم کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ الشفا اسپتال پر حملے اور محاصرے کی وجہ سے ایک سو اسی افراد شہید ہوگئے جبکہ زندہ بچ جانے والے بتدریج موت کا شکار ہیں۔ ناصر کنعانی نے مزید کہا کہ ایسی خوفناک رپورٹس ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ اسرائیلی فورسز نے اسپتال میں پھنسی فلسطینی خواتین پر تشدد، عصمت دری اور قتل عام کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ بین الاقوامی برادری کے فوری اور واضح اقدام کا متقاضی ہے، جس میں صیہونیوں کے جنگی جرائم کو سامنے لانے کیلئے بین الاقوامی تحقیقاتی گروپ کی تشکیل بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران صیہونی حکومت کی طرف سے انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین سمیت بین الاقوامی قوانین اور ضوابط کی صریح خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔


































