
اسلام آباد: ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں اتحاد امت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایران کے سفیر محمد علی حسینی بھی شریک تھے۔ اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔اسرائیل اور بھارت فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں پر بدترین مظالم بند کریں۔ امریکہ اور عالمی استعماری طاقتیں دنیا میں امن کے قیام میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ اسلامی ممالک کے حکمران ملکی وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خرچ کریں۔ او آئی سی کے پلیٹ فارم کو موثر بنا یا جائے۔ اقوام متحدہ مذاہب کے احترام کا عالمی قانون بنائے۔ اسلاموفوبیا اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف مظالم بند کیے جائیں۔
کانفرنس سے عالمی ادارہ تقریب مذاہب اسلامی کے سربراہ آیت اللہ ڈاکٹر شہریاری، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر، ایران کی رہبر کونسل کے رکن مولانا نذیر احمد سلامی، کونسل کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس، اسلامی تحریک پاکستان کے نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی، جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی، جماعت اسلامی کے ایم این اے عبدالا کبرچترالی، جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں محمد اسلم، اسلامی تحریک کے سیکریٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی، ملی یکجہتی کونسل شمالی پنجاب کے صدر ڈاکٹر طارق سلیم، جماعت اہل حدیث کے سیف اللہ خالد، تنظیم اسلامی کے راہنما قاری ضمیر اختر، جامعۃ المصطفیٰ کے ڈائریکٹر اور وفاق المدارس شیعہ کے سیکریٹری جنرل علامہ انیس الحسنین خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
کانفرنس میں کونسل میں شامل جماعتوں کے مرکزی اور صوبائی قائدین کی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ کانفرنس کی نظامت کے فرائض کونسل کے سیکریٹری جنرل جناب لیاقت بلوچ نے انجام دیئے، جبکہ ترجمانی کی ذمہ داری کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثاقب اکبر کے سپرد تھی۔ اختتامی دعا امت واحدہ کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے کروائی۔


































