
مظفرآباد: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہندوستان کے سیاسی مقاصد کے لیے فالس فلیگ آپریشن معمول بنتے جارہے ہیں۔ آرمی چیف نے عید الاضحیٰ پر لائن آف کنٹرول کے حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر فرائض انجام دینے والے جوانوں کے ساتھ عید منائی اور افسران و جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی۔ جنرل عاصم منیر نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے، جبکہ ہندوستانی انتخابات کے بعد کشمیریوں پر ظلم و ستم میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا حامی ہے، لیکن ہندوستان کے سیاسی مقاصد کے لیے فالس فلیگ آپریشن معمول بنتے جارہے ہیں، تاہم کوئی بھی جارحیت ہوئی تو قوم کی حمایت سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔


































