
نئی دہلی : بھارتی ریاست ناگالینڈ میں سیکیورٹی فورسز نے اپنے ہی شہریوں پر گولی چلادی۔ فائرنگ سے 13شہری ہلاک ہوگئے۔ ایک درجن سے زیادہ افراد کی ہلاکت کے بعد مقامی افراد نے فوجی گاڑیوں کو آگ لگائی۔ ایک فوجی افسر نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ فوجیوں نے شدت پسندوں کی نقل و حرکت سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر ایک ٹرک پر فائرنگ کی اور چھ افراد کو ہلاک کر دیا۔مشتعل مقامی افراد نے جب دو فوجی گاڑیوں کو جلایا تو فوجیوں نے ان پر فائرنگ کی جس سے سات مزید افراد ہلاک ہوئے جبکہ مقامی افراد کے ساتھ جھڑپ کے دوران ایک فوجی بھی ہلاک ہوا۔ ریاستی وزیراعلیٰ نے ہلاکتوں کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ اوٹنگ میں شہریوں کی ہلاکت کا افسوسناک واقعہ قابل مذمت ہے۔ یہ واقعہ میانمار کی سرحد کے قریب پیش آیا۔


































