
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ایران میں پاکستانی حکام متعلقہ ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ گزشتہ روز 9 پاکستانی شہریوں کی میتیں ایران سے پاکستان واپس لائی گئی ہیں۔ توقع ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے پر ایرانی حکام واقعہ کی تفصیلات پاکستانی حکام سے شئیر کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔ گزشتہ ہفتے سیکرٹری خارجہ نے بھارتی شہریوں کے پاکستانی شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے ثبوت پیش کیے۔ بھارت کو عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں پر ذمہ دار ٹہرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔ 5 فروری بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے۔


































