
نئی دہلی: ہندوستان اور کینیڈا میں سفارتی تناؤ انتہا کو پہنچ گیا۔ اوٹاوا میں ہندوستانی سفارتی مشن نے کینیڈین شہریوں کیلئے ویزا سروسز تاحکم ثانی بند کر دی ہیں۔ ہندوستان کی کینیڈا میں ویزا سروس فراہم کرنے والی سرکاری ایجنسی بی ایل ایس انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ انہیں ویزا ایپلی کیشنز پر کام کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ ادھر ہندوستانی خبر رساں ایجنسی اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کینیڈین سفارتکاروں کو دھمکیوں کی اطلاع ملی ہے۔ سفارتخانے کا کہنا ہے کہ وہ دھمکیوں کے بعد عملے کی موجودگی کو ایڈجسٹ کرے گا۔ اس سے قبل ہندوستان کی وزارت خارجہ نے ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں کینیڈا جانے والے شہریوں سے محتاط رہنے کو کہا گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ دھمکیوں نے خاص طور پر ہندوستانی سفارت کاروں اور کمیونٹی کے ان حصوں کو نشانہ بنایا ہے جو ہندوستان مخالف ایجنڈے کی مخالفت کرتے ہیں۔ کینیڈا نے ہندوستان کی ایڈوائزری مسترد کردی اور واضح کیا کہ کینیڈا ایک محفوظ ملک ہے۔


































