
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ کینیڈا میں بھارت کی سکھ شہری کی ٹارگٹ کلنگ افسوسناک ہے۔ بھارت دہائیوں سے جنوبی ایشیا میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان نے بتایا ہے کہ بھارت نے جون 2021 میں لاہور میں دہشت گردی کی کارروائی کی، سال 2016 میں بھارتی را کے کمانڈر کلبھوشن کو گرفتار کیا گیا، بھارتی کمانڈر نے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا اعتراف کیا، کلبھوشن کے اسٹیٹس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر ڈوزیئر دیا گیا۔نیو یارک میں سائیڈ لائنز پر بھارت سے ملاقاتوں کا امکان نہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ترکیہ کے صدر اردوان کے بیان کو سراہتے ہیں، ترکیہ نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے بارے میں پاکستانی مؤقف کی حمایت کی ہے۔اُن کا کہنا ہےکہ نگراں وزیرِ اعظم دورۂ نیویارک پر ایک مختصر وفد ساتھ لے کرگئے ہیں۔


































