
غازی پور: بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کے مسلم دشمن اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست اتر پردیش کے شہر غازی پور کے گاؤں گہمار میں ہندو انتہا پسندوں نے مسجد پر چڑھ کر اس کا تقدس پامال کیا اور جے شری رام کے نعرے لگائے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں مذہبی تہوار نوراتری کے موقع پر نکالی گئی ریلی مسجد کے سامنے پہنچی۔ چند ہندو انتہا پسندوں نے مسجد پر زعفرانی رنگ کے جھنڈے لہرائے اور مسجد کے اوپر چڑھ کر اور اُسے گھیرے میں لیکر رقص بھی کرتے رہے۔ ہجوم نے مسجد پر رنگوں کا چھڑکاؤ بھی کیا۔ مسجد کا تقدس پامال کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پرغازی پور کے ایس پی نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور آئی پی سی کے سیکشن 153 (اے) کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔


































