
دہلی : ہندوستان اور فرانس نے ہیلی کاپٹروں سمیت فوجی اسلحے کی مشترکہ پیداوار کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق دفاعی معاہدے پر اتفاق فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے دورہ نئی دہلی کے دوران کیا گیا۔ ہندوستانی وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق فرانسیسی صدر اور وزیراعظم مودی نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا جن میں ایٹمی توانائی، خلائی تحقیق اور موسمیاتی تبدیلی، صحت اور زراعت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کا استعمال شامل ہے۔ جیٹ انجن بنانے والی فرانسیسی کمپنی سی ایف ایم انٹرنیشنل نے بھی ہندوستانی کمپنی اکاسا ایئر کے ساتھ معاہدے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت بوئنگ 737 کے میکس ایئرکرافٹ کے 300 انجن خریدے جائیں گے۔


































