
کراچی : پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آج عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ پاکستان میں نماز فجر کے بعد نماز عید کے اجتماعات کا آغاز ہوگیا۔ ملک بھر میں ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ نماز کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارکباد دی۔ صدر اور وزیراعظم نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے، صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خوشی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نہیں بھولنا، فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ایران، افغانستان، قطر، فلپائن، ملائشیا اور آسٹریلیا میں بھی آج عیدالفطر ہوگی۔ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ تہران میں نماز عیدالفطر مصلی امام خمینیؒ میں ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای کی امامت میں ادا کی گئی۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں چاند نظر نہیں آیا وہاں عید جمعرات کو ہو گی۔ مقبوضہ کشمیر میں آج پاکستان کے ساتھ عید منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ برطانیہ سمیت یورپی ممالک، امریکا اور کینیڈا میں بھی آج عید منائی جائے گی۔


































