
اسلام آباد : وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کی شرائط بہت سخت اور ناقابل قبول تھیں۔ افغان طالبان نے ٹی ٹی پی سے بات چیت میں پُل کا کردار ادا کیا ، ٹی ٹی پی والے اگر لڑیں گے تو ان سے لڑا جائے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ٹی پی والے آئیں اور پاکستان کے آئین اور قانون کے تحت زندگی گزاریں۔ را اور این ڈی ایس کو افغانستان میں شکست ہوئی، چھوٹے موٹے گروپ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ ٹی ٹی پی نے خود سیزفائر ختم کیا، ہم نے بھی اُن سے کوئی رابطہ نہیں کیا، کالعدم ٹی ٹی پی سے افغان طالبان بات چیت کررہے تھے، پاکستان کی ترقی بھارت کو ایک آنکھ نہیں بھاتی۔


































